پیر 5 اکتوبر 2026 - 11:44
عزاداری فاطمیؑ ہمارے آباؤ اجداد کی زندہ روایت اور نسل در نسل منتقل ہونے والی امانت ہے: آغا سید حسن موسوی

حوزہ/جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعان نے ایام فاطمیہؑ کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد کرکے تین روزہ پروگرام کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس کی صدارت انجمن شرعی شیعان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی نے کی، جبکہ نوحہ خواں اور انجمن کے کارکنان نے اجلاس میں شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعان نے ایام فاطمیہؑ کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد کرکے تین روزہ پروگرام کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس کی صدارت انجمن شرعی شیعان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی نے کی، جبکہ نوحہ خواں اور انجمن کے کارکنان نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایام فاطمیہؑ تین روز تک عقیدت و احترام کے ساتھ منائے جائیں گے، جن کے دوران مجالس، مرثیہ خوانی، نوحہ خوانی اور عزاداری کے مختلف پروگرام منعقد ہوں گے۔ اس سلسلے میں 13 جمادی الاول کو بڈگام میں خصوصی جلوس عزاء برآمد کیا جائے گا۔

اجلاس میں جلوس اور دیگر پروگراموں کے نظم و ضبط، رابطہ کاری اور انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا تاکہ تمام پروگرام مکمل مذہبی وقار اور منظم انداز میں منعقد کیے جاسکیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ کی عزاداری اور ذکر مصائب کا سلسلہ اہل بیتؑ کے محبین کے درمیان صدیوں سے جاری ہے اور یہ ہمارے آباؤ اجداد سے نسل در نسل منتقل ہونے والی ایک مقدس روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھی عزاداری اہل بیتؑ ایک طویل اور مضبوط تاریخی روایت کے طور پر زندہ ہے، جسے آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہم سب کی دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ عزاداری محض ایک رسم نہیں بلکہ شعور، عقیدت، وفاداری اور حق و مظلومیت کی پہچان کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ، امیرالمؤمنین حضرت علیؑ اور ائمہ اہل بیتؑ کی سیرت و قربانیوں کو نئی نسل تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ نوجوان نسل اپنے دینی تشخص، تاریخی ورثے اور اہل بیتؑ سے وابستگی سے پوری طرح آگاہ رہے۔

انجمن کے صدر نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ایام فاطمیہؑ کے تمام پروگراموں میں نظم و ضبط، اخلاص اور عزاداری کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں آباؤ اجداد سے چلی آرہی عزاداری کی اس روایت کو پوری عقیدت کے ساتھ زندہ رکھنا اور اسے آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

اجلاس کے اختتام پر ایام فاطمیہؑ کے تین روزہ پروگراموں اور 13 جمادی الاول کے جلوس عزاء کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی اور انجمن کے متعلقہ شعبوں اور کارکنان کو پروگراموں کے کامیاب، منظم اور شایان شان انعقاد کے لیے ضروری ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha